قومی کرکٹرز قرنطینہ میں اپنا وقت کس طرح گزار رہے ہیں؟

1 Jun, 2021 | 08:08 AM

Sughra Afzal

 نشتر پارک (حافظ شہباز علی) پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کا آغاز ابوظہبی میں ہونے جارہا ہے جس کے کیلئے شائقین کرکٹ سمیت کھلاڑی بھی کافی پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔

کوویڈ ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے کھلاڑی ابوظہبی پہنچنے کے بعد قرنطینہ میں ہیں جو یقینا ایک مشکل وقت ہوتا ہے، ہر وقت اکیلے رہنا کسی بھی انسان کیلئے بوریت اور پھر ذہن پر منفی اثرات مرتب کرنے کا سبب بن سکتا ہے، تاہم ہمارے کھلاڑی بوریت کو دور بھگانے اور ایونٹ میں بہترین پرفارمنس دینے کیلئے خوب محنت کر رہے ہیں۔

پشاور زلمی کے اوپنر امام الحق نے گزشتہ شب انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی جو کہ ویڈیو کال کا اسکرین شاٹ ہے جس میں امام سمیت وہاب ریاض، عماد وسیم، بابر اعظم اور شعیب ملک موجود ہیں، امام الحق نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ایک دوسرے سے نزدیک ہونے کے باوجود ہم بہت دور ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم میں سے کچھ تو ایک ہی فلور پر موجود ہیں لیکن ایک دوسرے سے ملاقات نہیں کر رہے، ہم خود کو ویڈیو کالز سے انٹرٹین کر رہے ہیں تاکہ آپ کو آنے والے کچھ دنوں میں گراؤنڈ میں انٹرٹینمنٹ فراہم کرسکیں۔

بابر اعظم نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک کمرے میں ٹریننگ کرتے ہوئے اپنی ایک منٹ 8 سیکنڈ کی ویڈیو شیئر کی جس میں کپتان ڈپس،رننگ اور دیگر ورزش کررہے ہیں۔بابر اعظم کے اس 'روم ورک آئوٹ' کو دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ قرنطینہ کے دوران فالتو وقت میں بھی اپنی فٹنس پر بھرپور توجہ دیئے ہوئے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کی ویڈیو کو ان کے اکائونٹس پر ہزاروں لوگ دیکھ اور پسند کرچکے ہیں, تین دن قبل بھی بابر اعظم نے قرنطینہ سے اپنی سیلفی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جسے ان کے مداحوں نے خوب پسند کیا تھا۔

مزیدخبریں