ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

نیب افسران کورونا کا شکار

نیب افسران کورونا کا شکار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سعود بٹ ) کورونا وائرس کا وار تیزی سے جاری، نیب لاہور میں متعدد افسران کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔

سٹی فورٹی ٹو نے نیب افسران کی کورونا مثبت رپورٹ حاصل کرلی۔ رپورٹس کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد طیب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر راشد بدر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ نجی لیب رپورٹس کے مطابق نیب لاہور میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبید سائمن کی رپورٹ بھی مثبت آگئی۔

اسی طرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر رﺅف عالم اور انکے نائب قاصد کی رپورٹ بھی مثبت آگئی۔ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر عدیل احمد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر عدنان گوندل سمیت دیگر عملہ بھی کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق افسران نے وائرس کی تصدیق ہونے پر اپنے آپکو رہائشگاہوں پر قرنطینہ کرلیا جبکہ رﺅف عالم کی حالت تشویشناک ہونے پر انکو ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب ترجمان نیب کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی ہدایات پر کورونا وباء کے پھیلتے ہوئے اثرات کے پیش نظر نیب لاہور حکام کی جانب سے کورونا وباء کے ممکنہ پھیلاﺅ کی روک تھام کے ناصرف مثالی اقدامات اپنائے گئے ہیں بلکہ ان اقدامات کو مزید تقویت بخشتے ہوئے نیب لاہور کی پوری عمارت کو ایک مرتبہ پھر ڈس انفیکشن سپرے کے ذریعے جراثیم سے پاک کردیا گیا ہے۔

نیب بلڈنگ میں تمام انویسٹی گیشن افسران کے دفاتر اور انٹرویو رومز کو جراثیم کش سپرے سے دھویا گیا ہے۔ نیب لاہور حکام کی جانب سے کورونا کے ممکنہ پھیلاﺅ کی روک تھام کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد بھی جاری ہے۔

 اس حوالے سے تمام احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی آفیسر و اہلکار کو بغیر ماسک و سینی ٹائزر استعمال کئے دفتر داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ نیب حکام کی جانب سے حکومتی ایس او پیز اور پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق نیب لاہور میں فی الوقت 100 سے زائد افسران اور دیگر سینکڑوں اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں جن کی حفاظت کے اقدامات یقینی بنانا نیب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔