نئی قیمتوں کے اطلاق کی خلاف ورزی کرنیوالے پیٹرول پمپس سیل

1 Jun, 2020 | 10:52 PM

Malik Sultan Awan

(عثمان علیم) ضلعی انتظامیہ کا پیٹرول کی نئی قیمتوں کے اطلاق کی خلاف ورزی اور کم پیمانے والے پیٹرول پمپس کے خلاف کاروائیاں، چار پیٹرول پمپس کو کم پیمانہ ہونے پر سیل کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر دانش افضال کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنرزنے مختلف پیٹرول پمپس کے دورے کئے اور پٹرول کی مقرر کردہ نئی قیمتوں پر اطلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائیاں کیں، اسسٹنٹ کمشنر کینٹ مرضیہ سلیم نے تحصیل کینٹ کے علاقے میں پٹرول پمپس کی چیکنگ کی۔ گورنمنٹ کی جانب سے مقرر کردہ نئی قیمتوں پرعملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ بیدیاں روڈ پر پی ایس او پٹرول پمپ کو کم پیمانہ ہونے پر سیل کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی تبریز مری نے مقرر کردہ قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے مختلف پیٹرول پمپس کا دورہ کیا جہاں 03 پٹرول پمپس کے نوزلز کو کم پیمانہ ہونے پر سیل کر دیا گیا جس میں مزمل فلنگ اسٹیشن، قاسم پٹرولیم اور نیو ہائی وےپٹرولیم کو سیل کر دیا گیا۔ کاروائیاں شاہدرہ چوک اور بیگم کوٹ چوک پر کی گئیں۔

دوسری جانب شہر میں پٹرول کی قلت کے باعث متعدد پٹرول پمپس بند ہوگئے، فیول کی عدم دستیابی کے باعث شہری پٹرول کی تلاش میں رل گئے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی تو ہوگئی مگر عوام کی پریشانی کم نہ ہوسکی، لاہور بھر میں پٹرول کی قلت سر اٹھانے لگی۔ بروقت سپلائی نہ ہونے سے پٹرول کی کمی کا سامنا درپیش ہے۔
پٹرول کی سپلائی بروقت نہ ہونے کے باعث شمالی لاہورکے پٹرول پمپس پر فروخت بند ہوگئی ۔جن پمپس پر پٹرول دستیاب ہے وہاں لمبی لائنیں لگ گئیں۔۔ شہری پیدل پٹرول کی تلاش میں ذلیل و خوار ہونے لگے۔
پٹرول پمپ انتظامیہ کے مطابق وزارت پٹرولیم نےلاک ڈاؤن کے دنوں میں امپورٹ منصوبہ فائنل کرنے اور پٹرول ذخیرہ کرنے میں غیر معمولی تاخیر کی۔
حکومت کی ناقص پالیسیوں اور نجی کمپنیوں کی نااہلی کے باعث شہر میں پٹرول بحران پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

مزیدخبریں