(حافظ شہباز علی) فکسنگ اسکینڈل، سابق کپتان سلیم ملک نے پی سی بی کے سوالنامے کا جواب تیار کرلیا، آئندہ دو سے تین روز میں جواب پی سی بی کو جمع کروائیں گے، سابق کپتان نے بورڈ کی طرف سے بھیجے گئے ٹرانسکرپٹ میں پوچھے گئے سوالوں کومسترد کردیا ہے۔
کرکٹ فکسنگ اسکینڈل میں پھر تیزی آنے کو ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے پی سی بی کے سوالنامے کا جواب تیار کرلیا، سلیم ملک کے وکلا کی ٹیم نے پی سی بی کی جانب سے بھجوائے گئے ٹرانسکرپٹ کا جواب تیار کرلیا ہے، سلیم ملک نے ٹرانسکرپٹ میں پوچھے گئے سوالات مسترد کردئیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جواب میں موقف اختیا ر کیا گیا ہے کہ اگر آئی سی سی نے پی سی بی کو کوئی ریکارڈنگ بھجوائی ہے تو بورڈ حکام ٹرانسکرپٹ کی بجائے وہ ریکارڈنگ فراہم کرتے ،اس کے ساتھ اگر بورڈ کے پاس کوئی شواہد تھے تو انہوں نے طویل عرصے تک چلنے والے کیس میں سلیم ملک کے خلاف عدالت میں پیش کیوں نہیں کئے، سابق کپتان کا موقف ہے کہ جب بھی کوئی بات ہوتی ہے تو بورڈ حکام آئی سی سی کابہانہ بناتے ہیں.
ٹرانسکرپٹ میں مشکوک لوگوں سے ملاقاتوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا گیا ہے کہ بہت سے لوگوں سے ملاقات ہوتی ہے کس سے کیا بات ہوئی یاد رکھنا ممکن نہیں ہوتا اور ویسے بھی دوستوں کے درمیان ہنسی مذاق میں بہت سی باتیں ہوتی ہیں اورایسی باتوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں جس اخبار کے الزامات کا ذکر کیا جارہا ہے وہ غلط بیانی پر بند ہو چکا ہے۔
سلیم ملک آئندہ چند روز میں جواب جمع کروائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس مرتبہ پیچھے نہیں ہٹیں گے بلکہ اس معاملے کو اب ختم ہونا چاہیئے اور حقیقت لوگوں کے سامنے آنی چاہئیے.
سلیم ملک نے پی سی بی کے سوالنامے کا جواب تیار کرلیا
1 Jun, 2020 | 08:42 PM