کورونا پر ہمارا رویہ ایسا ہے جیسے کچھ ہوا ہی نہیں، ہمایوں سعید

1 Jun, 2020 | 04:30 PM

Shazia Bashir

 (مانیٹرنگ ڈیسک) نامور اداکار ہمایوں سعید نے ملک میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد عوام کی جانب سے احتیاط نہ کرنے کے رویے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجموعی طور پر ہمارا رویہ ایسا ہے جیسے کچھ ہوا ہی نہیں یا سب کچھ نارمل ہے۔

ہمایوں سعید نے انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں لوگوں کو کورونا وائرس سے متعلق احتیاط اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ اب ملک بھر میں کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس سے یہ لازمی ہوگیا ہے کہ ہمیں مزید سخت احتیاط کی ضرورت ہے۔ یہ جوانی ہے دیوانی اداکار نے عوام کو اپیل کی کہ وہ موجودہ حالات میں غیر ضروری طور پر گھر سے نہ نکلیں اور انتہائی لازمی کام کی صورت میں ہی گھر سے احتیاطی انتظامات کے تحت نکلیں اور وہ فیس ماسک پہننے سمیت دیگر اقدامات بھی اٹھائیں۔

ہمایوں سعید نے اپنی پوسٹ میں لوگوں کو مزید ہدایت کی کہ اگر کوئی بھی گھر سے ضروری کام کے لیے نکلے تو وہ باہر سماجی فاصلے پر عمل کرتے ہوئے دوسروں سے دور ہی رہے۔ ہیرو نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اس وقت ہمارا رویہ ایسا ہے جیسے سب کچھ نارمل ہے۔خیال رہے کہ ہمایوں سعید نے مارچ و اپریل میں خود کو کورونا کے شک کے پیش نظر ایک ماہ تک قرنطینہ کردیا تھا۔

ہمایوں سعید نے خود کو اس وقت قرنطینہ کردیا تھا جب کہ وہ اور عدنان صدیقی مارچ کے اختتام پر امریکا سے وطن لوٹے تھے اور انہوں نے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر خود کو قرنطینہ کردیا تھا۔ ہمایوں سعید نے خود کو ایک ماہ تک قرنطینہ کرلیا تھا اور قرنطینہ کے دوران انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ 'وطن واپسی پر وہ اور عدنان ایک ہوٹل میں رکے، جہاں انہوں نے کورونا کے ٹیسٹ کروائے، وہ ڈاکٹرز کو پریشان کرتے رہتے تھے کہ وہ انہیں ٹیسٹ کے نتائج کب بتائیں گے، انہیں ایسا بھی لگا کہ کہیں ان کے ٹیسٹ کے غلط نتائج نہ آجائیں اور وہ اس وقت بیحد خوفزدہ تھے'۔

مزیدخبریں