( علی ساہی ) چاند رات اور عید کے حوالے سے صوبہ بھر کے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، صوبے کی 22737 مساجد، امام بارگاہوں اور 866 کھلے مقامات پر ہونے والےعید اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے 51063 افسران و اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔
آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، آئی جی پنجاب نے کہا کہ لیلتہ القدر کے موقع پر صوبے بھر میں مساجد، امام بارگاہوں سمیت تمام مذہبی مقامات کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔ حساس مساجد، امام بارگاہوں کی سکیورٹی کیلئے چھتوں پر سنائپرز جبکہ اردگرد کمانڈوز تعینات کیے جائیں، چاند رات پر صوبے کی اہم مارکیٹس اور کاروباری مراکز کی سکیورٹی کیلئے اضافی دستوں کی تعیناتی کے ساتھ پٹرولنگ کے اوقات کار کو بڑھایا جائے۔
چاند رات پر ہلڑ بازی، ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ پر کارروائی میں زیرو ٹالرینس کا مظاہرہ کیا جائے۔ بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر گاڑیوں اور مسافروں کی چیکنگ کے عمل کو مزید سخت بنایا جائے گا۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی نے بریفنگ دی کہ عید سکیورٹی ڈیوٹی میں 38465 افسر واہلکار، 3970 سپیشل پولیس اہلکار اور 8628 قومی رضا کار شامل ہوں گے۔
حساس مساجد و امام بارگاہوں کی سکیورٹی کیلئے 155 واک تھرو گیٹس، 10953 میٹل ڈٹیکٹرز اور 10849 سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جائیں گے۔ اجلاس میں سینئر افسران کے علاوہ صوبے کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔