(سعید احمد )تاجران بجلی کے بھاری بھرکم بلوں اور اس پر عائد ٹیکسز کی بھرمار پر پھٹ پڑے، انجمن تاجران قائداعظم گروپ کی قیادت نے 10محرم کے بعد لاہور سمیت ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔
شہر کے تاجروں کی قیادت نے بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کو مسترد کردیا،انجمن تاجران قائداعظم گروپ لاہور کے پیٹرن انچیف عمران بشیر کی دیگر عہدیداران کے ہمراہ بجلی کے بلوں میں اضافے، مہنگائی اور ناجائز ٹیکسز کے خلاف پریس کانفرنس، عمران بشیر کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں کی مد میں حکومت نے ظلم کی انتہا کردی ہے تاجروں کیساتھ عوام بھی پریشان ہیں۔ حکومت بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسز کو ختم کرے۔
صدر انجمن تاجران ناصر انصاری کا کہنا تھا کہ بجلی کے بل دیکھیں اس میں کتنے ٹیکسز ہیں، بجلی کے بلوں پر ظالمانہ ٹیکسز پاکستانیوں کے بس میں نہیں ریے، ہم پر آج کے روز شٹر ڈاؤن ہڑتال کرنے کا پریشر تھا، محرم الحرام کے تقدس میں ہڑتال نہیں کر رہے، دس مرحرم کے بعد ہم ملک گیر احتجاج کی کال دیں گے۔
اس موقع پر سرپرست اعلی انجمن تاجران قائداعظم گروپ ملک اعجاز، صدر ناصر انصاری، صدر بیڈن روڈ عثمان عالم، انفارمیشن سیکرٹری ملک فاروق حفیظ، وسیم راجپوت، فیصل بٹ سمیت مختلف مارکیٹس اور بازاروں کی تاجر تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی، تاجران نے بجلی کی بے جا بڑھتے بلوں اور ٹیکسوں کے خلاف بھرپور احتجاج کرنے کا عندیہ دیدیا ہے۔کیمرہ مین محمد اسد کے ساتھ سعید احمد سٹی فورٹی ٹو