راو دلشاد :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ چند ہفتوں میں 12 لاکھ افراد کا ان کی دہلیز پر علاج ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے صوبائی مشیر صحت اظہر محمود کیانی نے ملاقات کی جس میں صحت کے شعبے میں اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مشیر صحت اظہر کیانی نے شعبہ صحت میں ریفارمز کے لئے سفارشات پیش کیں، صحت کے منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے پر اتفاق ہوا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ صحت کا شعبہ میرے دل کے بہت قریب ہے، تمام مراکز صحت، ٹی ایچ کیوز اور ٹرشری ہسپتالوں کی اپ گریڈ یشن پر کام شروع کر دیا ہے، دل کے امراض، ٹی بی، کینسر اور ہیپاٹائٹس کی ادویات لوگوں کے گھروں میں پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چند ہفتوں میں 12 لاکھ افراد کا ان کی دہلیز پر علاج ہوا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ فیلڈ ہسپتالوں میں مفت ادویات کے ساتھ ایکسرے، مفت لیب ٹیسٹ اور ای سی جی کی سہولت موجود ہے، 500 مزید کلینک آن ویلز کا اضافہ کر رہے ہیں، جہاں پر ڈاکٹرز موجود نہیں وہاں ڈاکٹرز کو بھیجنے کیلئے مراعات دے رہے ہیں، دور دراز علاقوں میں ڈاکٹرز کی کمی نہیں رہے گی500مزید کلینک آن ویلز کااضافہ کررہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں جو دوائیاں ہسپتالوں میں بند کر دی گئی تھیں وہ دوبارہ ملنا شروع ہو چکی ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات دی جا رہی ہیں اور لوگوں کی دہلیز پر مفت ادویات پہنچائی جا رہی ہیں، فیلڈ ہسپتالوں کا دائرہ کار بتدریج تمام اضلاع تک وسیع کیا جائے گا۔