(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے تحقیق و ایجاد کے شعبے میں قومی ترجیحات کا اعلان کردیا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ریسرچ اور ایجاد کے شعبے کے حوالے سے قومی ترجیحات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے سنہ 2040 تک قومی معیشت میں 60 ارب ریال کا اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ انسانی صحت، ماحولیاتی استحکام، بنیادی ضروریات، توانائی و صنعت میں قیادت اور مستقبل کی معیشت پر توجہ مرکوز کریں گے، اس سے عالمی سطح پر سعودی عرب کی مسابقتی استعداد مضبوط ہوگی۔
سعودی ولی عہد نے مزید کہا کہ ہم نے ریسرچ اور ایجاد کے شعبے کے حوالے سے مستقبل کی امنگوں کے لیے کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کا بڑا ہدف یہ ہے کہ سعودی عرب پوری دنیا میں جدت کے حوالے سے قیادت کرنے والے ممالک میں شامل ہو.
انہوں نے کہا کہ ریسرچ اور ایجادات کے شعبے پر سالانہ خرچ سال 2040 میں کل قومی پیداوار کا 2.5 فیصد ہوگا, اس کی بدولت یہ سیکٹر 2040 کی مجموعی قومی پیداوار میں 60 ارب ریال کا اضافہ کرے گا اور اس سے قومی معیشت میں تنوع پیدا ہوگا، ہزاروں نئی آسامیاں نکلیں گی۔ سائنس، ٹیکنالوجی اور ایجادات کے شعبوں میں اعلیٰ درجے کی ملازمتیں سامنے آئیں گی۔
ذرائع کے مطابق ریسرچ اور ایجاد کے شعبے کو پروان چڑھانے کی خاطر اس شعبے کے ڈھانچے کی تنظیم نو کی گئی ہے، ایک اعلیٰ کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کے سربراہ خود ولی عہد ہیں,وہ ریسرچ اور ایجاد کے شعبے کی نگرانی بذات خود کریں گے۔