کون بنے گا وزیر اعلیٰ پنجاب، حمزہ یا پرویز الٰہی؟ انتخاب آج ہوگا

1 Jul, 2022 | 09:58 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک)  کون بنے گا وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ  شہباز  یا چوہدری پرویز الٰہی ؟ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے تحت پنجاب اسمبلی میں  آج دوبارہ رائے شماری ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لئے صوبائی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا جس کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق اسمبلی کا اجلاس آج اسمبلی سیکرٹریٹ میں شام 4 بجے ہوگا جس کی صدارت ڈپٹی اسپیکر سردار دوست مزاری کریں گے،اجلاس میں قائد ایوان کے انتخاب کے لئے دوبارہ رائے شماری ہونی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے اسمبلی سیکرٹریٹ نے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا  جس کے مطابق  پنجاب اسمبلی میں اسٹاف اور  اراکین کے مہمانوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے، گیلریز میں کوئی مہمان نہیں آسکےگا، صرف میڈیا گیلری میں صحافی موجود ہوں گے۔

واضح رہےکہ حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کے امیدوار ہوں گے جبکہ چوہدری پرویز الٰہی تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے امیدوار ہوں گے۔

خیال رہےکہ لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن کے خلاف تحریک انصاف کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے حکم دیا ہےکہ منحرف ارکان کے 25 ووٹ نکال کر دوبارہ گنتی کی جائے جبکہ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے فیصلےکےکچھ نکات سے اختلاف کرتے ہوئے حمزہ شہباز کی کامیابی کو کالعدم قرار دیا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہےکہ گورنرپنجاب یکم جولائی کو اسمبلی اجلاس بلائیں، پنجاب اسمبلی کا اجلاس الیکشن ہونے تک ملتوی نہیں کیا جائےگا، الیکشن مکمل ہونے کے بعد نئے وزیراعلیٰ کا حلف 2 جولائی دن 11 بجے یقینی بنایا جائے، الیکشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد نئے منتخب وزیراعلیٰ کا حلف اگلے روز 11 بجے یقینی بنایا جائے۔

تحریری حکم نامے میں عدالت نےکہا ہےکہ ہم اسمبلی کے مختلف اجلاسوں میں بدنظمی کو نظر انداز نہیں کرسکتے، اگر اسمبلی اجلاس میں ہنگامہ آرائی یا بدنظمی ہوئی تو اس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔

مزیدخبریں