پاکستان کی جانب سے 609 قیدیوں کی فہرست بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کردی گئی

1 Jul, 2021 | 07:07 PM

مانیٹرنگ ڈیسک:    بھارت اور پاکستان نے سفارتی ذرائع سے ایک دوسرے کے ممالک میں قید شہریوں اور ماہی گیروں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ مئی 2008 کے قونصلر رسائی کے باہمی معاہدے کے تحت دونوں ممالک سال میں دو مرتبہ اپنے اپنے ممالک میں قید ایک دوسرے کے قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے 51 سویلین اور 558 ماہی گیروں پر مشتمل 609 بھارتی قیدیوں کی فہرست اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کر دی ہے۔ جبکہ بھارتی حکومت نے بھی بھارت میں قید 345 پاکستانیوں کی فہرست  پاکستان کے حوالے کی ہے  جس میں 271 عام شہری اور 74 ماہی گیر شامل ہیں۔
بھارتی وزارت خارجی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان سے ایک بھارتی سویلین قیدی اور 295 بھارتی ماہی گیروں کی رہائی اور وطن واپسی میں تیزی لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے جن کی قومیت کی تصدیق کے حوالے سے پاکستان کو آگاہ کردیا ہے۔بھارتی حکومت نے پاکستان سے  درخواست کی ہے کہ وہ طبی ماہرین کی ٹیم کے ممبران کو ویزا کی فراہمی میں تیزی لائیں اور پاکستان کی مختلف جیلوں میں قید افراد کی دماغی صحت کا جائزہ لینے کے لیے ان کے دورہ پاکستان میں آسانی پیدا کریں۔
بھارتی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ تمام بھارتی اور بھارتی سمجھے جانے والے سویلین قیدیوں اور ماہی گیروں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنائیں۔
 

مزیدخبریں