رضوان نقوی: ویکسی نیشن نہ کروانے والے اب شادیوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے، ریسٹورنٹ میں کھانا، سینیما میں فلم بھی نہیں دیکھ سکیں گے جبکہ شہریوں کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔ اجلاس میں میرج ہالز، ریسٹورنٹس، تھیٹرز، سینما ایسوسی ایشن اور تاجر برادری کے نمائندے شریک ہوئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد عباس کاٹھیا سمیت دیگر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔
ڈی سی نے تاجروں کے مسائل سنے اور حل کرنے کی یقین دہانی کروائی، ڈی سی کا کہنا تھا کہ 200 سے زائد افراد ان ڈور فنکشن میں شریک نہیں ہوسکیں گے جبکہ آؤٹ ڈور پروگرام میں چار سو افراد شامل ہو سکتے ہیں۔ میرج ہالز میں فنکشن میں شریک حضرات کی ویکسی نیشن ہونا ضروری ہے۔ تھیٹر اور سینما میں بھی وہی شائقین جا سکیں گے جن کی ویکسینیشن ہوچکی ہے۔
مدثر ریاض کا مزید کہنا تھا کہ گورنمنٹ نے موبائل ایپ متعارف کروائی ہے جس کے ذریعے ویکسی نیشن نہ کروانے والے لوگوں کا بآسانی پتہ چل جائے گا جبکہ 18 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کا ویکسی نیٹڈ ہونا ضروری ہے۔
دوسری جانب لاہور عجائب گھر نے بھی شہریوں کے لیے نئے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ڈائریکٹر لاہور میوزیم نے کہا کہ کورونا نے انسانی زندگی پر گہرا اثر چھوڑا ہے، ہمیں اس وبا سے ڈرنا نہیں بلکہ احتیاط کو اپنانا ہے۔ ہمیں نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگیوں کے لیے ایس او پیز پر پوری طرح عمل کرنا ہوگا۔
ڈائریکٹر لاہور میوزیم اعجازاحمد منہاس نے کہا کہ لاہور میوزیم نے لاک ڈاؤن کے دوران بھی اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھی ہیں۔ میوزیم نے اپنی تمام نوادرات کی نمائش کو آن لائن دنیا تک پہنچایا۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے دو ماہ میں 13 آن لائن نمائش لگائی گئی ہیں۔