کورونا کے مریضو ں کو موت کے منہ سے نکالنے والا تاجر

1 Jul, 2020 | 04:20 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42: لاہور کے ایک تاجر شاہد نوید نے مفت آکسیجن سلنڈر اور پلازما فراہم کرکےاب تک کورونا وائرس کے 120 مریضوں کی جانیں بچائی ہیں۔


کورونا کی بگڑتی اور مریضوں کی دن بدن خراب ہوتی صورتِ حال کے پیشِ نظر طبی سہولیات ناکافی ہوتی جارہی ہیں۔ ایسے حالات میں کئی لوگ موقعے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آکسیجن سلنڈر اور پلازما بلیک میں فروخت کر رہے ہیں، تاہم شاہد اپنی مدد آپ کے تحت گھروں یا ہسپتالوں میں موجود تشویش ناک حالت میں کرونا کے مریضوں کو مفت آکسیجن سلنڈر بمع کٹ اور پلازما فراہم کر رہے ہیں۔


نجی سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئےشاہد  نوید نے بتایا کہ انہوں نے تین ہفتے پہلے  کورونا  مریضوں کو پلازما فراہم کرنا شروع کیا اور ان کے لیے 130 آکسیجن سلنڈر خریدے۔ انہوں نے معلومات کی بنیاد پر جہاں کہیں تشویش ناک حالت میں کسی غریب کورونا  مریض کو پایا، وہیں ڈاکٹر کی مشاورت سے آکسیجن لیول جاننے کے لیے آکسی میٹر، سلنڈر اورآکسیجن گیج کٹ پہنچاتے رہے۔اسکے علاوہ  کورونا  وائرس سے صحت یاب ہونے والے لوگوں سے پلازما لے کر مریض تک لگوانے کے 50 ہزار روپے فی مریض بھی ادا کر رہے تھے لیکن چند دن پہلے حکومت نے نجی طور پر پلازما کی خرید و فروخت پر پابندی لگا دی ۔

جس کے بعد اب انکی تمام تر توجہ گیس سلنڈرز کی فراہمی پر مرکوز ہے۔ شاہد نوید یہ تمام تر خدمات اپنے ملازمین کے ذریعے بلا معاوضہ فراہم کر رہے ہیں۔ رقم کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ شروع میں وہ اپنی جیب سے خرچ کرتے رہے لیکن بعد ازاں انکے چند دوست بھی اس کارِخیر میں انکے ساتھ شریک ہوگئے۔ اب تک وہ لاہور میں کرونا وائرس کے 150 سے زائد متاثرہ مریضوں کی مدد کر چکے ہیں،ان میں سے 120 افراد کی زندگیاں بچ گئیں جبکہ 30 مریض جان کی بازی ہار گئے۔

مزیدخبریں