اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 45 روپے کلو تک کا اضافہ

1 Jul, 2020 | 03:50 PM

M .SAJID .KHAN

(حسن علی)یوٹیلٹی سٹورز پر بھی چینی اور آٹے کی قلت برقرار ہے جبکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 45 روپے کلو تک کا اضافہ کردیا گیا، نوڈلز پر بھی 12 روپے بڑھ گئے،حکومت شہریوں کوسہولتیں دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کی رکن سمیرا کومل نے مذمتی قرارداد جمع کرا دی۔

تفصیلات کے مطابق شہرمیں چینی کی قیمت کا معاملہ حل نہ ہوسکا،ضلعی انتظامیہ کےجاری کردہ ریٹس کےمطابق چینی کی فروخت ممکن نہ ہو سکی جبکہ یوٹیلٹی سٹورز پر بھی چینی اورآٹےکی قلت برقرار ہے،ضلعی انتظامیہ نےشہرمیں چینی کی قیمت 70 روپےفی کلو کیا مقررکی بیشترعلاقوں سےچینی ہی غائب ہو گئی،جن علاقوں میں چینی دستیاب ہےوہاں فی کلو80 سے85 روپےوصول کیےجارہےہیں۔

یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی تاحال سستی چینی اورآٹے کی فراہمی نہ ہو سکی،شہریوں کا کہنا ہےکہ حکومت کی جانب سےعوام کو ریلیف دینےکے صرف دعوے کیے جارہے ہیں جبکہ عملی اقدامت کہیں نظر نہیں آتے،دوسری طرف دکانداروں کا کہنا ہےکہ انہیں اکبری منڈی سےچینی کا50 کلوکا تھیلا 3900 روپےتک میں مل رہا ہے،انہیں چینی76 سے77 روپے فی کلومیں ملتی ہےتووہ70 روپے فی کلومیں کیسے فروخت کرسکتےہیں۔شہری ہوں یا دکاندار سب یہی کہتےنظرآتےہیں کہ حکومت ایسےاقدامات کرے جس سےعوام کو سستی اشیاء کی فراہمی بھی ممکن ہواور لوگوں کا روزگار بھی چل سکے۔

شہرمیں مہنگائی کا جن بےقابو ہوچکا ہے،گراں فروش مافیا کی من مانیاں برقرار ہیں،سبزیوں، پھلوں اور مرغی کے گوشت کی سرکاری نرخ نامے پرفروخت ممکن نہ ہوسکی ۔حکومت کےمہنگائی کنٹرول کرنے کے تمام تردعوےصرف دعوں کی حد تک محدود ہوکر رہ گئے،شہرمیں منافع خورمافیا کو لگام نہ ڈالی جا سکی،حکومت اپنے جاری کردہ سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کرانے میں ناکام نظر آرہی ہے،سبزیوں، پھلوں اور مرغی کےگوشت کی قیمتوں میں کمی نہ آئی،ایک طرف مرغی کا گوشت 255 روپےتک جا پہنچا تو دوسری طرف سبزیاں اور پھل بھی مہنگے داموں فروخت ہوتے رہے۔

مزیدخبریں