لاہور میں کورونا وائرس نے مزید 13 افراد کی جان لے لی

1 Jul, 2020 | 01:25 PM

Sughra Afzal

جیل روڈ(زاہد چودھری) صوبائی درالحکومت لاہور میں کورونا کے نئے کیسز میں کمی آنے لگی، 24 گھنٹے کے دوران 301 نئے مریض سامنے آگئے جبکہ 12 اموات کی تصدیق ہوگئی، ہسپتالوں میں بھی مریض کم ہونا شروع ہوگئے۔

 صوبائی دارالحکومت میں کورونا وائرس کا زور ٹوٹنے لگا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں کورونا کے 301 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کنفرم مریضوں کی مجموعی تعداد 39 ہزار47 ہوگئی ہے، شہر میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 675 ہوگئی ہے، سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا کے 446 مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 723 نئے مریض اور 46 اموات ہوئی ہیں، صوبے بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 75 ہزار 501 اور اموات کی تعداد 1 ہزار 727 ہوگئی ہے، کورونا کی تشخیص کیلئے اب تک 4 لاکھ 93 ہزار 225 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں اور 27 ہزار 147 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

 دوسری جانب سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے کورونا کے باعث لاک ڈاؤن کے تحت کاروباری، سماجی اور تعلیمی سرگرمیوں پرعائد پابندی میں مزید 15 روز کی توسیع کردی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے، شادی ہال، ریسٹورنٹس، پارک، سینما ہالز، تھیٹرز بدستور بند رہیں گے، سماجی و مذہبی اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہو گی، نوٹیفکیشن کا اطلاق فوری ہوگا اور 15 جولائی تک نافذ العمل رہے گا، شہر کے پوش علاقوں اور اندرون شہر میں لاک ڈاؤن مزید تین روز تک برقرار رہے گا۔

علاوہ ازیں محکمہ صحت نے ٹیسٹنگ کو مزید محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا، محکمہ پرائمری و سکینڈری ہیلتھ نے مراسلہ جاری کردیا۔ وائرس کے تصدیق شدہ اے سمپٹماٹک مریض 10 دن آئسولیشن کے بعد آئسولیشن ختم کر سکتے ہیں، دیگر تصدیق شدہ مریض دس دن آئیسولیشن جبکہ علامات گئے تین دن بعد آئسولیشن ختم کر سکتے ہیں، اگر کھانسی، نزلہ، زکام اور دیگر علامات ختم ہوئے تین دن گزر جائیں تو ان کو آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کی ضرورت نہیں۔

مزیدخبریں