ویب ڈیسک : یمن کے ائیرپورٹ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کی سماعت متاثر ہوگئی
یمنی دارالحکومت صنعا کے ائیرپورٹ پر اسرائیلی بمباری کے وقت وہاں موجود عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کی سماعت متاثر ہوگئی۔سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں 59 سالہ ٹیڈروس ایڈاہانوم کا کہنا ہے کہ زوردار دھماکے کے باعث انہیں کان میں گھنٹیاں بجتی محسوس ہوتی ہیں، امید ہے یہ تکلیف عارضی ہو۔
خیال رہے کہ اسرائیلی طیاروں نے گزشتہ ہفتے صنعا ائیرپورٹ پر بمباری کی تھی، اس وقت ٹیڈروس اپنی ٹیم کے ہمراہ ائیرپورٹ کی لابی میں موجود تھے۔اسرائیلی حملوں میں ٹیڈروس بال بال بچے تھے تاہم حملے میں ائیرپورٹ پر 2 افراد ہلاک اور عالمی ادارہ صحت کے طیارے کے عملے کا ایک رکن زخمی ہوا تھا۔ٹیڈروس ایڈاہانوم نے بتایا تھا کہ کہ اسرائیلی حملوں میں ائیرپورٹ کے ڈیپارچر لاؤنج کو بھی نشانہ بنایا گیا جو ان سے کچھ میٹر کے ہی فاصلے پر تھا۔بعد ازاں ائیرپورٹ پر حملے کے وقت عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کی وہاں موجودگی کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔