ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات

ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقات میں ان کی صحت و تندرستی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ 

پاکستان میں ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم آج مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پہنچ گئے۔ 

ملاقات میں ایرانی سفیر کے ہمراہ سفارتخانے کا وفد بھی شامل تھا، وفد نے قائد جمعیت کی صحت و تندرستی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سربراہ جےیوآئی اور ایرانی سفیر نے اس موقع پر ایران پاکستان تعلقات، علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ میں جاری ناجائز صہیونی ریاست کی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا ۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ فلسطین کی حمایت پر جمعیت علماء اسلام کی کاوشوں اور پاکستان بھر میں شایان شان غزہ یکجہتی مظاہروں کے انعقاد پر سلام پیش کرتا ہوں، علمائے کرام بالخصوص آپ جیسے مدبر اور حکیم سیاسی رہنما سے تبادلہ خیال اور صلاح مشورہ کو ضروری سمجھتا ہوں۔ 

 مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عالم اسلام فلسطینیوں کی حمایت میں مضبوط آواز بلند کرے، خطے کے اہم ممالک پاکستان ایران ترکیہ سعودی عرب اور ملائشیا دفاع غزہ اور اسرائیل کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستانی عوام کے ساتھ مل کر پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سازش کو دفن کردیا ہے۔ 

ملاقات میں مرکزی ترجمان جےیوآئی اسلم غوری، سابق رکن قومی اسمبلی مولانا محمد قاسم ، مفتی ابرار احمد شریک تھے۔ 

ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان نے ایرانی میڈیا سے مختصر گفتگو میں کہا کہ امریکہ کبھی امت مسلمہ کا خیر خواہ نہیں رہا، امریکہ کو ہمیشہ اپنے مفادات عزیز ہوتے ہیں، امریکہ مسلسل صہیونی اسرائیلی ریاست کی پشت پناہی کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں قیامت ڈھا دی گئی مگر انسانی حقوق کی یہ سنگین پامالیاں امریکہ کو نظر نہیں آتیں، امریکہ اور سامراجی قوتیں مسلم دنیا کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کررہے ہیں، اسلامی دنیا کو فرقہ وارانہ کشیدگی میں امریکہ و دیگر کی مکروہ سیاست ملوث ہے، ایسی سیاست کو انسانیت تو نہیں کہا جاسکتا ۔