ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

یونان کشتی حادثہ،مزید 4 پاکستانیوں کی لاشیں مل گئیں

یونان کشتی حادثہ،مزید 4 پاکستانیوں کی لاشیں مل گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 طیب سیف :یونان میں پیش آنے والے کشتی حادثے میں لاپتہ ہونے والے پاکستانیوں کے حوالے سے افسوس ناک خبر سامنے آ گئی اور مزید 4 پاکستانیوں کی لاشیں مل گئیں۔

 ایف آئی اے کے مطابق یونان کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزید 4 پاکستانیوں کی لاشیں ملی ہیں جس کے بعد پاکستانیوں کی لاشوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔

 جن چارپاکستانیوں کی لاشیں ملی ہیں ان کی شناخت زین علی ، شبیر،ذیشان اوراویس علی کے نام سے ہوئی ہے،

 ذیشان کا تعلق نارووال جبکہ اویس علی کا تعلق سیالکوٹ سے بتایا جا رہا ہے۔

 ایف آئی اے کے مطابق یہ لاشیں یونان کے جزیرے گیواڈوس سے ایتھنز کے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جس کے بعد پاکستانی سفارتخانہ لاشوں کو پاکستان بھجوانے کے انتظامات کر رہا ہے،تاہم لاشیں پاکستان لانے میں ایک ہفتے کاوقت لگ سکتا ہے۔

 واضح رہے کہ کشتی لیبیا کے علاقے تبروک سے یونان جاتے ہوئے 13 اور 14 دسمبر کی رات حادثے کا شکار ہوئی تھی۔

  دوسری طرف ایف آئی اے اسلام آباد زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث بدنام زمانہ انتہائی مطلوب انسانی سمگلروں سمیت 6 ملزمان گرفتارکرلئے ہیں۔

 ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایات پر کشتی حادثات میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کردیاگیاہے،گرفتارملزمان کی شناخت محمد ارشد، صہیب علی حشمت، احمد نواز ، ذوالفقار ، مظہر خان اور منشا کے نام سے ہوئی ہے،گرفتار ملزم احمد نواز، محمد ارشد، مظہر خان اور منشاء سال 2023 میں ہونے والے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ہیں،ملزمان سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طور پربیرون ملک بھجوانے میں ملوث پائے گئے،ملزمان کو سرگودھا، فیصل آباد اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔