کومل اسلم: سال 2025 کے آغاز پر محکمہ موسمیات نے خوشخبری سناتے ہوئے پیشگوئی کی ہے کہ 6 جنوری تک پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارشیں ہوں گی۔ لاہور سمیت دیگر اہم شہروں میں ابر کرم برسنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر اور مری میں برفباری کا الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ابر رحمت کے برستے ہی سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا، جس سے شہریوں کو سرد موسم کا مزید سامنا ہوگا۔ رواں برس عالمی سطح پر لانینا سسٹم کے اثرات بھی محسوس کیے گئے، جس کے باعث اگست کے مہینے میں سب سے زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سفر کے دوران موسمی حالات سے آگاہ رہیں۔
سال 2025 کا سورج طلوع ہو چکا ہے اور لاہور کے شہری نئے سال کو خوشی سے انجوائے کرتے ہوئے موسمی خوبصورتی کا لطف اٹھا رہے ہیں۔شہر لاہور میں 2 جنوری سے شمال مغربی ہوائیں داخل ہوں گی جس کے نتیجے میں 2 جنوری سے 6 جنوری تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق موسم میں خنکی میں اضافہ ہو گیا ہے اور سردی کا جوبن دیکھنے کو مل رہا ہے۔ لاہور میں درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 18 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ لاہور ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی مجموعی شرح 213 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔ آلودگی کی زیادہ شرح اڈا پلاٹ (575)، یو ایس قونصلیٹ (447)، فیز 8 ڈی ایچ اے (382)، جوہر ٹاؤن (362) اور عسکری ٹین (265) میں ریکارڈ کی گئی۔ شہریوں کو آلودگی کے اثرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
شہریوں اور سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاحتی مقامات پر جانے سے قبل موسمی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔اُفق پر چھائی فوگ نے معمولات زندگی کو متاثر کر دیا ہے، جس کی وجہ سے موٹروے کے مختلف مقامات کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ حد نگاہ میں کمی آئی ہے، جس کے باعث سفر میں مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے۔ شہریوں کو دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں یکم سے 6جنوری تک بارش متوقع ہے، خیبرپختونخوا میں یکم سے 5جنوری تک بارش کاامکان ہے، مری اور گلیات میں یکم سے 6جنوری تک بارش متوقع ہے،اسلام آباد میں 2سے 6جنوری تک بارش کی توقع ہے،ملتان، ڈی جی خان اور لیہ میں 2سے 5جنوری تک ہلکی بارش متوقع ہے۔
بلوچستان میں یکم سے 4جنوری تک بارش ہو گی،سندھ کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ مری ، ناران، کاغان، سوات میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد رہنے کی توقع ہے تاہم سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منگلا، جہلم، راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، فیصل آباد، جھنگ، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، خانیوال، خانپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گرد و نواح میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے تاہم سکھر، شہید بینظیر آباد، شکارپور، کشمور، خیر پور، مو ہنجوداڑو اور گرد و نواح میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور چند مقامات پر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، صوابی، مردان، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور گرد و نواح میں چند مقامات پر ہلکی سے درمیانی دھند پڑنے کا امکان ہے۔ کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کے علاوہ مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور رات میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔