نئی امنگوں، امیدوں ، کیساتھ پاکستان میں سال 2024 کا پہلا سورج طلوع، مساجد میں خصوصی دعائیں

1 Jan, 2024 | 10:44 AM

Imran Fayyaz

 (ویب ڈیسک) نئی امنگوں، امیدوں اور خوابوں کیساتھ پاکستان میں سال 2024 کا پہلا سورج طلوع ہو گیا۔

 نئے سال کے آغاز پر مساجد میں ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

شہری مہنگائی اور بے روزگاری میں کمی کے لیے پر امید ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ نیا سال نئی امیدوں، حوصلوں اور کامیابیوں کا سال ثابت ہو۔

شہریوں کی دعا ہے کہ نیا سال مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں مظالم کے خاتمے کا سال ثابت ہو۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ نیا سال دنیا اور خاص طور پر پاکستان کے لیے امن، خیر اور برکت کا سال ثابت ہو، ان کے مسائل حل ہوں، مہنگائی اور بے روز گاری کم سے کم ہو۔

شہریوں نے دعا کی ہے کہ 2024 کا انتخابی سال خوشحالی اور خوشیوں کا وسیلہ بنے، ملک میں معاشی استحکام ہو۔ 

سال نو کا آغاز

اس سے قبل تلخ اور شیریں یادوں کے ساتھ پاکستان میں سال 2023ء کا اختتام اور نئے سال 2024ء کا آغاز ہو گیا، ملک بھر میں شہریوں نے کہیں سادگی کے ساتھ تو کہیں ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کر کے سال نو کو خوش آمدید کہا۔

حکومت کی جانب سے فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان میں نئے سال کی تمام تقریبات منسوخ کر دی گئیں، آتشبازی کے ایونٹس منعقد نہیں ہوئے، نگران وزیر اعظم نے سال نو کی تقریبات پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔

رات 12 بجتے ہی سال نو کے آغاز کے ساتھ ملک بھر میں آتش بازی اور جشن کا سلسلہ شروع ہو گیا، کراچی میں ہوائی فائرنگ اور پٹاخوں کے ساتھ ساتھ نئے سال کا استقبال کیا گیا۔

شہریوں کی بڑی تعداد سال نو کا جشن منانے ساحل سمندر پہنچی، اس کے علاوہ لاہور اور حیدر آباد سمیت مختلف شہروں میں بھی نئے سال کا استقبال آتشبازی سے کیا گیا، لوگوں کی بڑی تعداد سال نو کا جشن منانے سڑکوں پر نکلی اور ہلہ گلہ کیا گیا۔

قبل ازیں دنیا میں سب سے پہلے نئے سال کا استقبال نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے سکائی ٹاور پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کر کے کیا گیا، اس دوران آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے نہا گیا اس کے بعد آسٹریلیا کے ہاربر برج پر بھی لائٹ شو کا اہتمام ہوا، شہریوں کی بڑی تعداد نے آتش بازی کو انجوائے کیا، آسمان روشنیوں سے جگمگاتا رہا، شہریوں پر دلکش نظارے کا سحر طاری رہا۔

مزیدخبریں