(ویب ڈیسک) فلسطین پر اسرائیلی مظالم جاری، غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں مسجد اقصیٰ کے سابق امام شیخ یوسف شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے مغازی پناہ گزین کیمپ میں شیخ یوسف کے گھر کو نشانہ بنایا جس میں وہ شہید ہوگئے،حملے میں شیخ یوسف کے اہلخانہ بھی زخمی ہوئے ہیں، 68 سالہ شیخ یوسف 2005 سے 2006 تک فلسطین کے وزیر مذہبی امور بھی رہ چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے غزہ کے رہائشی علاقوں پر فضائی، زمینی اور بحری حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 150 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے،غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں سے اب تک 22 ہزار 404 فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 56 ہزار 451 تک پہنچ چکی ہے۔
دوسری جانب بحیرہ احمر میں ڈنمارک کی کمپنی کے بحری جہاز پر حملے کے بعد امریکی ہیلی کاپٹر نے حوثیوں کی کشتیوں پر فائرنگ کی جس میں 10 حوثی جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن کے حوثی گروپ کے حملے کا نشانہ بننے والے جہاز کی کال پر امریکی ہیلی کاپٹر مددکو پہنچا تو حوثیوں کی کشتیوں سے ہیلی کاپٹر پر حملہ کیا گیا۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق جوابی فائرنگ میں حوثیوں کی تین کشتیاں ڈوب گئیں اور کشتیوں پر موجود عملہ بھی ہلاک ہوا، حملے کے بعد حوثیوں کی چوتھی کشتی علاقے سے نکل گئی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہےکہ بحیرہ احمر میں 19 نومبر سے اب تک حوثیوں کا بین الاقوامی جہازوں پر یہ 23 واں حملہ ہے۔یمنی حکام کے مطابق امریکی ہیلی کاپٹر کی فائرنگ سے 10 حوثی جنگجو جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے ہیں اور حوثیوں کی تین کشتیاں بھی ڈوبی ہیں۔خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ڈینش کمپنی کا جہاز سنگاپور سے مصر کی بندرگاہ جا رہا تھا۔