سٹی42: اکبر چوک پر طویل فلائی اوور ریکارڈ مدت میں بنانے کے بعد وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے رفتار اورمعیار ایک ساتھ برقرار رکھتے ہوئے صرف 15روز کی ریکارڈ مدت میں 8.4کلو میٹر طویل ڈاکٹر حسن مراد روڈ(کالج روڈ)کی تعمیر و توسیع کا منصوبہ مکمل کر ڈالا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبائی وزراء کے ہمراہ اکبر چوک آمد،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈاکٹر حسن مراد روڈکا افتتاح کردیا۔
محسن نقوی نے سڑک کا معائنہ کیااوراعلیٰ تعمیراتی کام کو سراہا۔
محسن نقوی نے افتتاحی تقریب مین گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اکبر چوک سے امیر چوک کالج روڈ پر کل 8.4 کلو میٹر طویل ون وے سڑکوں کی تعمیر و توسیع کا پراجیکٹ مکمل ہو چکا ہے۔ کالج روڈ کو معروف شخصیت ڈاکٹر حسن مراد مرحوم کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر حسن مراد روڈ کی دو رویہ سڑک کو محض15 دن کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔
محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر حسن مراد روڈ کی بحالی سے ملحقہ علاقوں کے تعلیمی اداروں، کمرشل عمارتوں، رہائشی سکیموں کے رہائشیوں کو آ مدورفت میں آسانی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ رش کے اوقات کار میں خاص طور پر اس ایریا میں بہت زیادہ ٹریفک جام رہتا تھا۔ سڑک کی تعمیرو توسیع سے یومیہ ایک لاکھ سے زائد گاڑیوں کو آمدورفت میں آسانی ہوگی۔ ٹاؤن شپ،واپڈا ٹاون، پی سی ایس آئی آر،جوہر ٹاون، گرین ٹاؤن، پنجاب سوسائٹی، ملٹری اکاؤنٹس اور ملحقہ علاقوں کے رہائشی اس سڑک کی بہتری سے مستفید ہو سکیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس منصوبے کی قلیل مدت میں تکمیل پر ایل ڈی اے کی پوری ٹیم شاباش کی مستحق ہے۔
صوبائی وزراء عامر میر۔ اظفر علی ناصر۔ ابراہیم حسن مراد۔انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور۔سیکرٹری ہاؤسنگ،کمشنر لاہوروڈی جی ایل ڈی اے،سی سی پی او،ڈپٹی کمشنر اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجو دتھے۔
ڈاکٹر حسن مراد روڈ کی تعمیر اور توسیع کے لئے ایل ڈی اے کے کارکنوں نے چوبیس گھنٹے مسلسل کام کیا تاہم دن کے وقت سڑک پر ٹریفک کے بے پناہ دباؤ کی وجہ سے بیشتر کام رات کے اوقات میں تیز رفتاری سے مکمل کیا گیا ہے۔ یہ سڑک گزشتہ چند سالوں میں اپنے اطراف کی رہائشی سوسائٹیوں کے ساتھ امیر چوک سے آگے بہت سی نئی آبادیوں کے پھیلاؤ کے سبب غیر معمولی دباؤ کا شکار تھی۔ تعمیر نو اور توسیع کے بعد یہ سڑک فیروزپور روڈ کی جانب سے آنے والوں کے لئے تیز رفتار ترین راستہ فراہم کرتی ہے۔