زاہد چوہدری: فائرنگ سے زخمی مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی بلال یاسین میو ہسپتال میں زیر علاج ہیں، انہیں بائیں طرف پیٹ میں دو اور ٹانگ میں ایک گولی لگی ۔ ٹانگ میں فریکچر کو فکس کر دیا گیا ۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے بلال یاسین کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔
مسلم لیگ ن کے ایم پی اے بلال یاسین فائرنگ سے زخمی ہوئے اور میو ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ بلال یاسین کو بائیں جانب پیٹ میں دو گولیاں لگیں اورایک گولی ٹانگ کے اوپر کے حصے میں لگی جس سے کولہے سے نیچے کی ہڈی کا فریکچر ہوا۔ بلال یاسین کے زخمی ہونے کا علم ہونے پر وی سی کنگ ایڈورڈ یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل اور ایم ایس ڈاکٹرافتخاراحمد بھی ایمرجنسی میں پہنچ گئے اورعلاج کیلئے پروفیسراقبال، ڈاکٹرممریزخان، پروفیسرامیر افضل اور ڈاکٹر علی پر مشتمل ٹیم علاج پر مامورکردی گئی۔ ڈاکٹرز کی جانب سے بلال یاسین کا پہلےالٹراساونڈ اور پھر سی ٹی سکین کیا گیا جس کے بعد ٹانگ کے فریکچرکو فکس کیاگیا۔ ڈاکٹرز نے بتایا کہ ایک گولی پیٹ کوچھوکرنکل گئی اور دوسری گولی پیٹ میں تھی جسے نکال دیا گیا۔ ایم ایس میوہسپتال ڈاکٹر افتخاراحمد کا کہنا ہے کہ ایم پی اے بلال یاسین کی حالت اب خطرے سے باہرہے۔ ایم پی اے بلال یاسین کا کہنا ہےکہ ان کی کسی سے عداوت نہیں، نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کی تاہم اللہ کا شکر ہےکہ وہ محفوظ ہیں۔