نئی مردم شماری پر ایم کیو ایم اور تحریک انصاف متفق

1 Jan, 2021 | 01:40 PM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) ایم کیو ایم اور تحریک انصاف نئی مردم شماری پر متفق ہوگئی، سفارشات مرتب کرنے کیلئے امین الحق کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی، دونوں جماعتوں نے مردم شماری اور ووٹرز لسٹوں کو نادرا سے منسلک کرنے پر بھی اتفاق کرلیا۔

فردوس شمیم کا کہنا تھا کہ 4 سال بعد 2017 کی مردم شماری کا ازسرنو جائزہ لینا ممکن نہیں، نئی مردم شماری مسائل کا حل ہے، دونوں جماعتوں میں سندھ اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخابات پر بھی تبادلہ خیال ہوا، پیپلز پارٹی کا وفد ایم کیو ایم کے مرکز سے واپس لوٹا تو فردوس شمیم نقوی کی قیادت میں تحریک انصاف کے رہنما بھی ملاقات کیلئے بہادرآباد مرکز پہنچ گئے، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فیصل سبزواری نے بتایا کہ مردم شماری اور ضمنی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا ہے،۔ ایم کیو ایم کا موقف ہے کہ جب تک آبادی کا درست شمار نہیں ہوگا، وسائل کی تقسیم منصفانہ نہیں ہوسکتی، ہمارا مطالبہ ہے کہ اگر مردم شماری کا آڈٹ نہیں کراسکتے تو نئی مردم شماری کرائی جائے، پیپلز پارٹی کے سامنے بھی یہ مطالبہ رکھا ہے، تحریک انصاف نے ہمارے موقف کی تائید کی ہے، ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ وزیر اعظم جلد معاملے پر پالیسی کا اعلان کریں گے۔

اس موقع پر فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ امین الحق کی سربراہی میں کمیٹی بنادی گئی ہے جو آئندہ مردم شماری کیلئے سفارشات مرتب کرے گی، وفاقی کابینہ نے مردم شماری کی منظوری دے کر کوئی غیرآئینی کام نہیں کیا، وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ کی منظوری سے ہی کوئی بھی معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں جاتا ہے

مزیدخبریں