مال روڈ (علی رامے، قیصرکھوکھر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے کی ترقی کیلئے واضح ہدایات جاری کردیں، پنجاب میں آئندہ پانچ سالہ مالیاتی اصلاحات کا پلان مرتب، آئندہ پانچ سال میں پنجاب میں ٹیکس وصولیوں کا عمل اولین ترجیح ہوگا، ٹیکس نہ دینے والوں کو ٹیکس کلینڈر میں شامل کرنا پہلی ترجیح ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین سال میں پنجاب میں 10 فیصد ٹیکس گروتھ نیچے آچکی ہے، جس پر حکومت پانچ سالہ مالیاتی پلان میں آئندہ سالوں میں نئے ٹیکسز کو فنانس بل میں بھی شامل کرے گی، جبکہ ٹیکس وصولیوں کے سسٹم میں جدت کو ترجیح دی جائے گی اور ٹیکس پئیر میں اضافے کے بعد سیلز ٹیکس میں کمی لائی جائے گی۔
دوسری جانب آئندہ سالوں میں پراپرٹی پر سرمایہ کاری کی بجائے تعمیراتی کام کو ترجیح دی جائیگی، جبکہ پراپرٹی کو تعمیراتی کام کے بغیرسرمایہ کاری کے نظام کو ختم کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق بلدیاتی اداروں کو مزید مضبوط اور بااختیارات بنایا جائے گا اور ترقیاتی بجٹ میں ضلع کی بنیاد پر آبادی کے تناسب سے بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا.
ادھروزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سال نو کی آمد پراہل وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 2021ء کا پاکستان ماضی کی نسبت زیادہ خوشحال، مضبوط اور ترقی یافتہ ہوگا ،ہمارا عزم درپیش چیلنجز سے زیادہ بلند ہے، 2021پاکستانی قوم کیلئے امید کی کرن ثابت ہو گا،پاکستان کو پرامن اور حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔