شہریوں کو پینے کا صاف پانی کیسے دیں؟ 7 رکنی کمیٹی حل نکالے گی

1 Jan, 2019 | 09:03 PM

Arslan Sheikh

(قذافی بٹ) شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے گورنر پنجاب کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس، شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے سفارشات تیار کرنے کے لیے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں 7 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو 15 یوم کے اندر اس سلسلے میں مسودہ تیار کر کے اپنی سفارشات گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کرے گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو پانی کی سکیموں، واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب اور دیکھ بھال کی ذمہ دار ہوں گی، انہوں نے کہا کہ حکومت نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی پر یقین رکھتی ہے، لوکل باڈی سسٹم میں ترامیم لائی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے گی، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے گی اور ان کی توقعات پر پورا اترے گی۔

مزیدخبریں