(ملک اشرف) جسٹس سردار محمد شمیم خان نے لاہورہائیکورٹ کے 48 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے فاضل چیف جسٹس سے انکے عہدے کا حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق حلف برداری کی سادہ اور پُروقار تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی۔ جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، سپیکر پنجاب اسمبلی، ججز لاہور ہائیکورٹ، صوبائی وزراء شریک ہوئے۔ ان کے علاوہ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین، لاہور ہائی کورٹ باراور لاہور بار کے صدور سمیت دیگر عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔
حلف برداری تقریب کے بعد لاہور ہائیکورٹ پہنچنے پر چیف جسٹس کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، اس موقع پر ہائیکورٹ کے ججز سمیت افسران اور عدالتی اہلکاروں نے چیف جسٹس کو خوش آمدید کہا اور عہدہ سنبالنے پر مبارکباد پیش کی۔جسٹس سردار محمد شمیم خان 31 دسمبر 2019 کو چیف جسٹس ہائیکورٹ کے عہدے سے ریٹائر ہوجائیں گے۔