’’نیا سال خوشحال و ترقی یافتہ نئے پاکستان کی بنیاد بنے گا‘‘

1 Jan, 2019 | 10:18 AM

Sughra Afzal

 (علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سال نو 2019ء کی آمد پراہل وطن کو مبارکباد دی، کہتے ہیں کہ نیا سال پاکستان کی تاریخ کا نیا باب ثابت ہوگا.

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سال نو کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ انشاءاللہ نیا سال خوشحال اور ترقی یافتہ نئے پاکستان کی بنیاد بنے گا اور یہ سال عوام کیلئے روشن مستقبل اور ترقی کی نوید بن کر طلوع ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پرامن اور حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اور ہمیں مشکل حالات سے سبق سیکھ کر مستقبل میں اصلاح کے عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور چیلنجز سے زیادہ بلند ہمارا عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2019ءپاکستانی قوم کے لئے امید کی کرن لائے گا۔ سال نو کو قوم کے لئے خوبصورت بنانے کے لئے قومی پروگراموں کو دلجمعی اورخلوص کے ساتھ شروع کیا ہے۔

سردار عثمان بزار نے کہا کہ قوم کے شاندار مستقبل کے لئے حکومت بے لوث طریقے سے اپنے وژن کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔نیا سال پاکستان کی تاریخ کا نیا باب ثابت ہوگا ۔ہمیں سال2018ء کو الوداع اورنئے سال2019ء کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کا بھی جائزہ لینا ہو گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو خوشحال ملک بنانے کے لئے تمام ترصلاحیتیں بروئے کارلانے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔ باہمی رواداری، تحمل، ایثار اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے کرملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

مزیدخبریں