ویب ڈیسک:چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا اہم مشاورتی اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں ہوا، جس میں تنظیمی دوروں کے حوالے سے مشاورت کی گئی، مریم نواز نے پارٹی کو انتخابات کے لئے تیار رہنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق اجلاس میں محمد زبیر، انوشہ رحمان، عظمی بخاری، ملک احمد خان، طلال چوہدری، عابد شیر علی، میاں جاوید لطیف سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سوشل میڈیا کی ٹیموں کے سربراہان بھی خصوصی شریک ہوئے۔
اجلاس میں شاہد خاقان عباسی کے پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کی گونج رہی، مریم نواز نے پارٹی رہنماؤں کو شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا شاہد خاقان عباسی ہماری پارٹی کا اثاثہ ہیں، ان سے جلد ملاقات کروں گی۔ پارٹی کو مستحکم کرنے کےلئے مریم نواز نے رہنماؤں سے تجاویز مانگ لیں۔
عمران خان کے بیانیے پر مسلم لیگ ن اپنا ایک نیا بیانیہ سامنے لائے گی۔ پنجاب اور کے پی میں آئندہ انتخابات میں امیدواروں کے حوالے ٹکٹ انٹرویو کے بعد دی جائیں گی۔
خیبر پختونخوا اور پنجاب کے پارٹی صدور سے 2008 سےاب تک ن لیگ کے امیدواروں کے امیدواروں کی تمام تفصیلات طلب کر لیں۔ مریم نواز نے ن لیگ کے امیدواروں کی ہار اور جیت کی تمام تفصیلات مانگ لیں۔
دوسری جانب لیگی رہنما محمد زبیر نے شاہد خاقان عباسی کے سینئر نائب صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کر دی۔ انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل پارٹی میں ہیں، اسحاق ڈار بڑے عہدے پر ہیں۔
مریم نواز اور نوازشریف کے ترجمان محمد زبیر کا کہنا تھا کہ پارٹی کا گند عوامی سطح پر زیر بحث نہیں لانا چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی سے منسلک ہیں اوپر نیچے ہوتی رہتی ہیں، روس سے تیل ڈالرز میں خریدنا ہے یا چینی کرنسی میں ابھی بات چل رہی ہے۔