سعودی وزیر داخلہ 7 فروری کو پاکستان آئیں گے

1 Feb, 2022 | 03:03 PM

Abdullah Nadeem

 ویب ڈیسک : سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نايف 7 فروری کو ایک روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے۔ 
وزارت داخلہ کے مطابق ان کے دورہ پاکستان میں سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی اور دیگر اہم امور پر بات چیت کی جائے گی۔ حال ہی میں خادم حرمین شریفین کی صدارت میں ہونے والے سعودی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قیدیوں کی منتقلی کے معاہدے کی منظوری دی گئی تھی۔

 سعودی وزیر داخلہ، پاکستانی ہم منصب شیخ رشید احمد کی خصوصی دعوت پر7 فروری کو پاکستان پہنچیں گے۔ سعودی وزیر داخلہ اپنے ایک روزہ دورہ پاکستان کے دوران اہم حکومتی اورسکیورٹی شخصیات سے ملاقاتیں کرینگے  جبکہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اوروزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے۔
 یادرہے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بھارت سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں کل 9 ہزار 991 پاکستانی قید ہیں۔ وزارت خارجہ کی جانب سے سینیٹ کو تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں سب سے زیادہ 2 ہزار 5 سو 55  پاکستانی قید ہیں جب کہ متحدہ عرب امارات میں ایک ہزار 998 پاکستانی قید و بند کی صعوبتیں جھیل رہے ہیں۔
سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سےوزیر اعظم عمران خان کی درخواست پر اب تک معمولی جرائم میں ملوث سینکڑوں قیدیوں کورہائی مل چکی ہے ۔ وزیراعظم عمران خا ن نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے درخواست کی تھی کہ وہ  پاکستانی قیدیوں کے معاملے پر خصوصی توجہ دے کر مسئلہ حل کرائیں۔

مزیدخبریں