پاکستان میں مہنگائی 2 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

1 Feb, 2022 | 01:23 PM

Arslan Sheikh

وقاص عظیم: جنوری میں مہنگائی کی شرح 12.96 فیصد پر پہنچ گئی، ایک سال میں گھی 47.4 اور دال مسور 41.3 فیصد جبکہ ایک سال میں بجلی چارجز  56.20 فیصد بڑھے اور موٹر فیول کی قیمت میں 36.22 فیصد اضافہ ہوا۔

ملک میں مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں بڑھتی جارہی ہیں۔ ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کردی۔ ملک میں مہنگائی 2 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، جنوری میں مہنگائی کی شرح 12.96 فیصد اور دسمبر کے مقابلے میں جنوری 2022 میں مہنگائی میں 0.39 فیصد اضافہ ہوا۔ جولائی تا جنوری مہنگائی کی اوسط شرح 10.26 فیصد، دسمبر 2021 میں مہنگائی کی شرح 12.3 فیصد تھی جبکہ جنوری2021 میں مہنگائی کی شرح 5.7 فیصد تھی۔

ادارہ شماریات کے مطابق جنوری 2021کے مقابلے میں جنوری 2022 میں کوکنگ آئل 54.33 فیصد مہنگا ہوا، ایک سال میں گھی 47.4 اور دال مسور 41.3 فیصد مہنگی ہوئی۔ ایک سال میں بجلی چارجز 56.20 فیصد بڑھے اور موٹر فیول کی قیمت میں 36.22 فیصد اضافہ ہوا۔ پلاسٹک مصنوعات 11.72 فیصد ، ریڈی میڈ گارمنٹس 13.03 فیصد، پھل 28.35 فیصد جبکہ سبزیاں اور چکن بھی مہنگی ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ جنوری میں ماہانہ بنیادوں پر گندم 2.68 فیصد مہنگا ہوا، ایک ماہ میں گوشت 1.78 اور پھل 4.11 فیصد ، دال مسور 6.13 اور دال چنا 3.37 فیصد مہنگی ہوئی ہیں۔

مزیدخبریں