ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ

1 Feb, 2021 | 04:48 PM

Arslan Sheikh
Read more!

سٹی 42: ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو کا اضافہ، گھریلو سلنڈر 122 اور کمرشل سلنڈر 471 روپے مہنگا ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت بھی بڑھا دیں۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس میں ایل پی جی کی فی ٹن پیداواری قیمت 95 ہزار 283 روپے فی ٹن مقررکی گئی ہے۔

  ایل پی جی کی قیمت 10 روپے بڑھ کر 158 روپے ہوگئی ہے جبکہ گھریلو سلنڈرکی قیمت 122 روپے بڑھ کر1 ہزار 863 روپے ہوگئی اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 471 روپے بڑھ کر 7 ہزار 168 روپے ہوگئی ہے۔ 

نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی پر مارکیٹنگ اور ڈسٹری بیوشن مارجن 35 ہزار روپے ہوگی جبکہ 4 ہزار 699 روپے فی ٹن ایل پی جی پر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی بھی عائد ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق فی ٹن ایل پی جی پر 22 ہزار 941 روپے سیلز ٹیکس بھی عائد ہوگا جس کے بعد ایل پی جی صارف قیمت 1 لاکھ 57 ہزار 894 روپے فی ٹن ہوگی۔ 

اوگرا کے مطابق گھریلو استعمال کے سلنڈر کی بغیر ٹیکس قیمت 1124 روپے ہوگی اور تمام ٹیکسز لیوی اور مارکیٹنگ مارجن شامل کرکے صارفین کو گھریلو استعمال کے سلنڈر کی فروخت کی جائے گی۔ 

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرزایسوسی ایشن آف پاکستان کے چئیرمین عرفان کھوکھر نے بتایا کہ رواں سال ملک میں 7 لاکھ 35 ہزار 460 میٹرک ٹن ایل پی جی کی پیداوارہوئی ہے جبکہ تقریبا 4 لاکھ 73 ہزار 9 سو ٹن سمندر کے راستے اور 6 لاکھ  ٹن ایل پی جی زمینی راستے ایل پی جی درآمد کی گئی ہے۔ 

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایل پی جی کو کم آمدنی کے حامل طبقے کی دسترس میں لانے کے لیے فوری طور پر ایل پی جی پر عائد پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی ختم کرنے کا اعلان کرے تاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور قدرتی گیس میں کمی کے موجودہ بحران میں ایل پی جی غریب طبقے کے لیے سستا متبادل ایندھن ثابت ہوسکے۔

مزیدخبریں