( علی ساہی ) ٹوکن ٹیکس نادہندہ اور نان رجسٹرڈ گاڑی مالکان ہوشیار، محکمہ ایکسائز کی شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر ناکہ بندی، نان رجسٹرڈ گاڑیوں کے چالان اور کاغذات ضبط جبکہ دو سال سے زائد ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیاں بند کردی گئیں۔
لاہور سمیت پنجاب بھر کی موٹر برانچز میں ریکوری کا ہدف پورا نہ ہونے کی وجہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور لبرٹی گول چکر پر ناکہ بندی کی گئی۔ ای ٹی اوز کی سربراہی میں ناکہ بندی کے دوران سات سو سے زائد گاڑیوں کے چالان جبکہ بیس سے زائد گاڑیاں بند کردی گئیں۔
ای ٹی او عدیل امجد کا کہنا کہ ہے کہ دو سال سے زائد ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کو بند کیا جارہا ہے جبکہ اس سے کم عرصہ اور نان رجسٹرڈ گاڑی مالکان کے چالان کرکے کاغذات ضبط کیے جارہے ہیں۔
ای ٹی اوعدیل امجد کا مزید کہنا تھا کہ شہری بروقت اپنی گاڑیاں اپنے نام کرائیں اور واجبات ادا کریں۔ ہرمنگل اور ہفتے کو شہر میں ناکہ بندی کی جائے گی۔