(رضوان نقوی) نادرا سنٹرزسکیورٹی فیچرز کے نام پرشہریوں سے سمارٹ کارڈ کی بھاری بھرکم فیسیں بٹورنے میں مصروف، نادرا حکام سات سال بعد بھی سمارٹ کارڈ کے اجراء کا مقصد واضع نہ کرسکے۔
نادرا نے گزشتہ سات سال سے سمارٹ کارڈز کا اجرا شروع کررکھا ہے، نادرا حکام سمارٹ کارڈ کے اجراء کیلئےساڑھے سات سو سے اڑھائی ہزار روپے تک فیس وصول کرتےہیں۔ قومی شناختی کارڈ کے اجرا کیلئےنادرا سنٹرآنےوالے شہری کہتے ہیں کہ سمارٹ کارڈ کےنام پربھاری بھرکم فیسیں تو لی جارہی ہیں لیکن سمارٹ کارڈ کے اجراء کا مقصد تاحال واضع نہیں ہے۔
نادرا حکام کا مؤقف ہے کہ سمارٹ کارڈ میں چھتیس سکیورٹی فیچرز شامل کئے گئے ہیں اور مستقبل میں بنک، ڈرائیونگ لائسنس کا ڈیٹا سمارٹ کارڈ سے لنک کردیا جائے گا، دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہےکہ گزشتہ سات سال سے نادرا کی جانب سے یہی دعوٰی کیا جارہا ہے لیکن تاحال سمارٹ کارڈ کا اجراء بے سود ہے۔
شہریوں کا کہنا ہےکہ اگران کارڈز کے اجراء کا تاحال کوئی فائدہ ہی نہیں تو سمارٹ کارڈز کے نام پر لی گئی بھاری بھرکم فیسیں کہاں استعمال کی جارہی ہیں۔