56 کمپنیوں کی تشکیل کیخلاف درخواست پر سماعت، فریقین کے وکلاء طلب

1 Feb, 2019 | 06:36 PM

Arslan Sheikh

( یاور ذوالفقار ) لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب کی 56 کمپنیوں کی تشکیل غیرقانونی قرار دینے کے لیے درخواست پر سماعت، عدالت نے فریقین کے وکلاء کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت مارچ کے دوسرے ہفتہ تک ملتوی کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شیراز زکا کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بلدیاتی نظام کی موجودگی میں پبلک سیکٹر کمپنیوں کا قیام غیر قانونی ہے اور پبلک سیکٹر کمپنیوں میں اراکین صوبائی اسمبلی کو سربراہان لگانا بھی غیر قانونی ہے۔

درخواست گزار وکیل نے عدالت کو مزید آگاہ کیا کہ عدالت نے پنجاب حکومت سے جواب طلب کیا تھا کہ آگاہ کیا جائے کونسی کمپنیاں بند کی جا رہی ہیں تاہم پنجاب حکومت کی جانب سے تاحال جواب جمع نہیں کرایا گیا۔ وکیل نے استدعا کی کہ عدالت 56 کمپنیوں میں صوبائی اسمبلی کے اراکین کو ہٹانے کا حکم دے۔

عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد فریقین کے وکلاء کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت مارچ کے دوسرے ہفتہ تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں