قیصرکھوکھر: وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے سوئی گیس کمپنی کی جانب سے آئے روز نئی بننے والی سڑکوں کوتوڑنے کے واقعات کا نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب نے فوری طور پرچیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ جس کا ایک اہم اجلاس بھی ہوا ہے۔ اجلاس میں پنجاب کے سڑکیں بنانے والےاداروں اور سوئی گیس حکام کے درمیان کوارڈی نیشن بہتر بنانے اور ایک دوسرے سے باہمی مشاورت کے بعد یہ مسئلہ حل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ کوئی بھی نئی سڑک بنانے سے قبل سوئی گیس ، پی ٹی سی ایل ، واسا اور ٹیپا سے این او سی حاصل کئے جائیں تاکہ سڑکیں بہتر طور پر بنائی جا سکیں۔ اجلاس میں سیکرٹری ہاوسنگ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، چیئر مین پی اینڈ ڈی، سوئی گیس کمپنی اعلی حکام اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔