(سالک نواز) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا ہے کہ میرا کشمیر کی آزادی پر مکمل یقین ہے، انشاءاللہ ضرور آزاد ہو گا جبکہ پاکستانی حکومت اور عوام کو کشمیر کی آزادی کے لئے مظبوط عزم ظاہر کرنا چاہیئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پریس کلب میں حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرا کشمیر کی آزادی پر پورا یقین ہے جبکہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو کشمیر کی آزادی کیلئے مظبوط عزم ظاہرکرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آٹھ لاکھ بھارتی فوج پیلٹ گنز کے باوجود ہمت ہار رہی ہےجبکہ کشمیری نوجوان لاپتہ ،شہید اور بہت سی خواتین کا مقبوضہ کشمیر میں ریپ کیا جارہا ہے, مشال ملک نے کہا کہ یاسین ملک کو جیل میں زہریلے ٹیکے لگائے جاتے ہیں اور دوسری طرف علی گیلانی کو معمر ہونے کے باوجود مسلسل نظر بند کیا ہوا ہے۔
جبکہ یاسین ملک کو بارہا حراست کے دوران جسمانی اور ذہنی طور پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا,انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ہاتھ ہے اور صرف پانچ فروری ہی نہیں پورا سال کشمیر ایشو پر آواز اٹھنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر کے حل کیلئے پورے پاکستان میں دستخطی مہم چلا رہی ہوں اور پاکستان کے ہر طبقے کو کشمیر جدوجہد میں آواز اٹھانی چاہیے۔