(رضوان نقوی) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اے سی ٹرانسپورٹ کے مالکان نے کرایوں میں پانچ فیصد کے حساب سے از خود اضافہ کر دیا، چیئرمین آل پاکستان بس اونرز ایسوسی ایشن اعظم خان نیازی نے کہا ہے کہ نئے کرائے نامے کا اطلاق کل سے ہوگا۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شہر کے ڈی کلاس سٹینڈ سے چلنے والی انٹرسٹی بسوں کے کرایوں میں ٹرانسپورٹرز نے ازخود پانچ فیصد اضافہ کر دیا۔ چیئرمین آل پاکستان ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن اعظم خان نیازی نے کہا ہےکہ کل سے اے سی بسوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اطلاق کریں گے۔ ٹرانسپورٹرز نے نیا کرایہ نامہ تیار کرنے کیلئے مشاورت شروع کر دی ہے۔
اعظم خان نیازی کا کہنا ہےکہ کل سے نئے کرایہ نامہ کے مطابق کرائے وصول کئے جائیں گے۔ اعظم نیازی کے مطابق کرائے پہلے ہی زیادہ ہیں، وہ مسافروں پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے تھے۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں نے کرائے بڑھانے پر مجبور کر دیا۔
دوسری جانب صدرآل پاکستان بس اونرز ایسوسی ایشن حاجی خالد نے کہا ہے کہ بادامی باغ، جناح بس ٹرمینل اور سٹی ڈسٹرکٹ بس ٹرمینل سے چلنے والی نان اے سی بسوں کے کرایوں میں تاحال اضافہ کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
چیئرمین بس اونرز ایسوسی ایشن کے مطابق تاحال محکمہ ٹرانسپورٹ نے نئے کرائے نامہ سے متعلق رابطہ نہیں کیا۔ ترجمان ایل ٹی سی کے مطابق شہر کے مختلف روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ نہیں کیا جا رہا ہے۔