(ناصر علی) غوث الاعظم روڈ پر تعمیراتی کاموں میں استعمال ہونے والی کرین کے خراب ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق غوث الاعظم روڈ پر کرین خراب ہونے سے مزنگ سے شیرپاؤ پل کی طرف جانے والی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ دفاتر جانے والے شہری، سکول و کالج جانے والے طلبا ایک گھنٹہ ٹریفک میں پھنسے رہے۔ شہریوں نے سڑک کے ڈیوائیڈر سے موٹر سائیکلوں کو گزارنا شروع کر دیا، جس کے باعث مخالف سمت سے آنے والی سڑک پر بھی ٹریفک سست روی کا شکار ہو گئی۔ اس دوران ٹریفک وارڈنز گاڑیوں کو متبادل راستوں کی جانب بھیجتے رہے۔
کرین کو ایک گھنٹے بعد ایک دوسری کرین اور ٹرک کے ذریعے رسی کی مدد سے کھینچ کر سڑک سے ہٹا دیا گیا۔ جس کے بعد ٹریفک کھل گئی اور شہری اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گئے۔