ویب ڈیسک : امریکی سائنسدانو ں نے ایک ایسا انوکھا سیارہ دریافت کیا ہے جس کا ایک سال صرف 21 گھنٹوں پر محیط ہے،یہ سیارہ سورج کے گرد ناقابلِ یقین حد تک قریب فاصلے پر چکر لگاتا ہے۔
ناسا کے سائنسدانوں نے ایسا سیارہ دریافت کیا ہے جہاں ایک سال محض 21 گھنٹوں کا ہے ۔ جی ہاں ہمارے ہاں جو سال 365 دنوں پر مشتمل ہے اس سیارے پر ایک برس 21 گھنٹوں تک ہے اور اس سیارے کا سائز نظام شمسی میں موجود نیپچون کے برابر ہے ۔ یہ سیارہ سورج کے انتہائی قریب فاصلے پر چکر لگاتا ہے جس کی وجہ سے اس کا سال مختصر ترین ہے ناسا کے مطابق یہ اپنی نوعیت کی چوتھی دریافت ہے، نیا سیارہ اس بات کا سراغ لگانے میں مدد دے سکتا ہے کہ اس طرح کے سیارے کیسے وجود میں آتے ہیں،یہ دریافت ناسا کی (TESS) نامی سیٹلائٹ کے استعمال سے کی گئی، جس کی تصدیق آسٹریلیا، چلی اور جنوبی افریقہ میں طاقتور دوربینوں سے مشاہدات کے ذریعے ہوئی ہے۔
ابتک اس نوعیت کے محض 3 سیارے دریافت ہوچکے ہیں۔ایڈوانس ماڈلنگ کے ذریعے سائنسدانوں کی جانب سے تحقیق کے نتائج سے پتا چلتا ہے کہ نیا سیارہ TOI-3261 b گیس کے بڑے بگولے کی شکل میں وجود میں آیا تھا۔
مزید تحقیقات کے لیے ماہرین فلکیات ناسا کی جیمز ویب سپیس ٹیلی سکوپ کو ممکنہ طور پر استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں،اس سے محققین سیارے کی فضا میں موجود مالیکیولر فنگر پرنٹس کی شناخت کرنے کے قابل ہوجائیں گے، جس سے بالآخر نئے سیارے اور دیگر نئے سیاروں کی تخلیق سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آسکیں گی۔