ویب ڈیسک :سعودی عرب نے غداری اور دہشت گرد تنظیم سے تعلق ثابت ہونے پر 2 شہریوں کو سزائے موت دیدی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے اپنے 2 شہریوں محمد بن ظافر بن ثمر العامری اور عبداللہ بن خدر بن عبداللہ الغامدی کو سزائے موت دی۔ سعودی حکام نے بتایا کہ سعودی شہریوں پر مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کا بھی الزام تھا اور ان الزامات میں اپنے ملک کے ساتھ غداری اور دہشت گرد تنظیم سے بھی تعاون ثابت ہوا ہے ۔ اس کے علاوہ دونوں ملزمان پر مملکت کے اندر اور باہر دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرنا، بدعنوانی، حملہ کرنے، سلامتی اور استحکام میں خلل ڈالنے کے ارادے سے ہتھیار رکھنے کا بھی الزام ہے۔
سعودی وزارت داخلہ نے انکشاف کیا کہ دونوں ملزمان میں سے ایک ملزم کا گھر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ کے طور پر بھی استعمال ہو رہا تھا اور وہ شہری دہشت گردوں سے میل جول رکھنے کے ساتھ ساتھ ا سلحہ اور بارود چھپانے اور مالی معاونت کرنے میں بھی شامل تھا ۔سعودی عرب کی حکومت کا کہنا ہے کہ انہوں سزائے موت دینے کا فیصلہ مملکت کی سلامتی کو برقرار رکھنے، انصاف کے حصول کیلئے کیا ہے تاکہ قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والوں کی سزا کو یقینی بنایا جاسکے۔