اشرف خان : سندھ میں گیس کا بحران ایک بار پھر سنگین ہوگیا،سوئی سدرن گیس کمپنی کو گیس سپلائی میں بڑی کمی کا سامنا ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق گیس سپلائی میں کمی پر لائن پیک میں پریشر کم ہوگیا ہے،جس کے باعث تمام سی این جی اسٹیشنز ، جنرل انڈسٹریز اور نجی بجلی گھروں کو گیس لوڈ شیڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
سوئی سدرن گیس کا کہنا ہے کہ گیس لوڈ مینجمنٹ کا فیصلہ گھریلو صارفین کو گیس کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ سندھ کے تمام سی این جی اسٹیشنز 2 دسمبر صبح 8 بجے سے لے کر 4 دسمبر صبح 8 بجے تک 48 گھنٹوں کے لئے بند رہیں گے،جبکہ 4 دسمبر پیر کی صبح 8 بجے کو گیس سپلائی بحال کی جائے گی ، تمام جنرل انڈسٹریز اور نجی بجلی گھروں کو بھی گیس سپلائی 4 دسمبر کو بحال کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے نے پی ایس او کو واجبات کا چوتھائی حصہ ادا کردیا
سوئی سدرن گیس نے عندیہ دیا ہے کہ گیس لوڈ مینجمنٹ پر عمل درآمد نہ کرنے پر 7 روز کے لئے گیس سپلائی معطل کردی جائے گی۔