یاسر عرفات: نارووال میں مسلم لیگ ن کے راہنما احسن نے دانیال عزیز کے بارے میں سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں اس پر کوئی گفتگو نہیں کرنا چاہتا ۔ تاہم اس موضوع پر بات کرنے سے انکار کے باوجودانہوں نے دانیال عزیز کےمتعلق کافی کچھ کہہ دیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ وہ (دانیال عزیز) کہیں پیپلز پارٹی میں تو نہیں جارہے کیونکہ بلال بھٹو بھی ایسی ہی گفتگو کررہے ہیں۔
دانیال عزیز کی جانب سے مہنگائی کا ذمہ دار قرار دیئے جانے کے متعلق صحافی کے سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا مہنگائی سے کوئی تعلق نہیں ۔ اس مہنگائی کی ذمہ دار عمران خان حکومت ہے۔دانیال عزیز کے الزامات پر احسن اقبال نے ان کا نام لئے بغیر کہا "مجھے سنا کر کسی اور کو سنا رہے ہو ں گے".
دانیال عزیز نے گزشتہ روز ایک نیوز چینل کے ٹاک شو میں کہا تھا کہ گزشتہ 16 ماہ میں ہونے والی مہنگائی کا اصل ذمہ دار احسن اقبال ہیں جس کا نقصان ہمیں آنے والے الیکشن میں ہوگا۔
ایک اور نیوز چینل کے ٹاک شو میں دانیال عزیز نے کہا کہ پروفیسر احسن اقبال کی پھرتیوں نے عوام کے کڑاکے نکال دئیے۔ موصوف ہر وہ کام کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو ان کا نہیں ہوتا اور ہر وہ کام جو ان کا ہے اس پران کی توجہ نہیں ہوتی۔ گزشتہ دو سال میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم نا ہونے کی واحد وجہ کیا تھی سنیں دانیال عزیز چوہدری سے۔ ایک اور نیوز چینل کے مطابق دانیال عزیز نے احسن اقبال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ”پارٹی احسن اقبال کی نااہلی کا نوٹس نہ بھی لے عوام اسکا نوٹس لیں گے“۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ احسن اقبال پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے چئیرمین تھے تو کمر توڑ مہنگائی پر قابو کیوں نہ پا سکے۔
واضح رہے کہ احسن اقبال اور دانیال عزیز دونوں کا تعلق نارووال ضلع سے ہے۔کل ہی ایک سینئیر صحافی نصرت جاوید نے اپنے شو میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ انتخابات کے قریب ناروال حلقے میں تبادلے کیے جا رہے ہیں اور سب لوگ احسن اقبال کے لگائے جا رہے ہیں،ان دنوں انتظامیہ کے پسندیدہ احسن اقبال ہے دانیال عزیز نہیں۔