(فرزانہ صدیق)احتساب عدالت اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں ریفرنس دائر کردیا گیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے ریفرنس دائر کیا ہے جس میں چیئرمین پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی، فرح گوگی اور دیگر کو ملزم نامزد کیا گیا ہے،ملزموں میں شہزاد اکبر، بیرسٹرضیا المصطفیٰ نذیر اور ذلفی بخاری بھی شامل ہیں,نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر ریفرنس میں عمران خان, ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، فرح گوگی، سابق مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر، عمران خان کے قریبی ساتھی ذلفی بخاری اور بیرسٹر ضیاء المصطفیٰ اور دیگر دو ملزم شامل ہیں۔
ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل مظفر عباسی نے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم کے ہمراہ اسلام آباد کی احتساب عدالت جا کر ریفرنس دائر کیا۔ احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کردی ہے۔
اڈیالہ جیل میں قید چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نیب نے اس کیس میں بھی پہلے ہی گرفتار کر رکھا ہے اور وفاقی کابینہ نے سائفر سمیت دیگر کرپشن کیسز کے جیل ٹرائل کی منظوری دے دی ہے۔