رانا وسیم احمد: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹرز کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ کو چیف سلیکٹر وہاب ریاض کے کنسلٹنٹ کے طور پر مقرر کر دیا۔
سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل، سابق فاسٹ بولر راؤ افتخار انجم اور سابق کپتان سلمان بٹ تینوں فوری طور پر چیف سلیکٹر وہاب ریاض کے کنسلٹنٹ کے طور پر اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کریں گےجن میں 12 جنوری سے نیوزی لینڈ میں ہونے والی پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز ان کا پہلی اسائنمنٹ ہو گی۔
تینوں اراکین سلیکشن ڈیوٹی نہ ہونے کے دنوں میں سکلز کیمپ میں اضافی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے، کامران اکمل نے 53 ٹیسٹ 157 ون ڈے انٹرنیشنل اور58 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 6871 رنز بنائے ہیں اور وکٹوں کے پیچھے 453 کیچز/ سٹمپڈ کیے ہیں اور 2009 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن تھے۔
اسی طرح راؤ افتخار انجم بھی 2009 کا ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ جیتنے والی ٹیم میں شامل تھے وہ ایک ٹیسٹ 62 ون ڈے اور2 ٹی ٹوئنٹی کھیل چکے ہیں اور78 انٹرنیشنل وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
سابق کپتان سلمان بٹ نے 33 ٹیسٹ 78ون ڈے انٹرنیشنل اور24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور تینوں فارمیٹس میں 11سنچریوں کی مدد سے5209 رنز اسکور کیے ہیں، کامران اکمل اور راؤ افتخار انجم کی طرح سلمان بٹ بھی 2009 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کا حصہ تھے۔