شہر میں فضائی آلودگی، ہائیکورٹ کا لاک ڈاؤن کا عندیہ

1 Dec, 2021 | 01:01 PM

Ibrar Ahmad

ویب ڈیسک :  لاہورہائیکورٹ میں سموگ کے خاتمے کیلئےاقدامات  سےمتعلق کیس، جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ تیاری کرلیں، ہو سکتا ہے کہ ایئر کوالٹی کی بہتری کے لیے لاک ڈاؤن کرنا پڑے۔ تمام متعلقہ محکمے اجلاس کریں اور ماحولیات ایمرجنسی کی تجویز پر غور کریں، ایک ہفتے کی ماحولیاتی ایمرجنسی لگانی پڑ سکتی ہے۔

 جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے سلسلے میں ہارون فاروق اور شیراز ذکا ودیگر کی دائر کردہ درخواستوں پر سماعت کی،سماعت کے آغاز میں جسٹس شاہد کریم نے استفسار کیا کہ حکومت کا کوئی ادارہ ایئر کوالٹی کو جانچتا ہے؟ ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایئر کوالٹی کو جانچنا محکمہ ماحولیات کا کام ہے، جوڈیشل واٹر کمیشن کے فوکل پرسن نے عدالت کو بتایا کہ فصلوں کو جلانے کے واقعات میں کمی آئی ہے۔

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ اب بھی اینٹوں کے کئی بھٹے پرانی ٹیکنالوجی پر کام کر رہے ہیں، ساتھ ہی استفسار کیا کہ کیا ایئر کوالٹی بہتر ہوئی؟

ڈائریکٹر محکمہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ  پیر کی چُھٹی کی وجہ سےایئر کوالٹی انڈیکس 400 رہا ورنہ یہ 600 ہو جاتا جبکہ اتوار کے روز اس کے 200 تک نیچے آنے کا امکان ہے۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس   دیئے  کہ تیاری کرلیں، ہو سکتا ہے کہ ایئر کوالٹی کی بہتری کے لیے لاک ڈاؤن کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے اجلاس کریں اور ماحولیات ایمرجنسی کی تجویز پر غور کریں، ایک ہفتے کی ماحولیاتی ایمرجنسی لگانی پڑ سکتی ہے، موجودہ صورتحال میں فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ ایک رپورٹ بنا کر دیں جس میں ماہرین ہوں، ابھی ہمیں جو بہتر لگتا ہے ہم کرتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اسموگ کے معاملے پر بے شک غیر ملکی ماہر کی خدمات حاصل کرلے، جو رپورٹ بنائیں اس پر کام شروع کر دیں۔

ٹریفک پولیس کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ ٹریفک پولیس کا کردار بہت اچھا ہے اور ان کا کام قابل ستائش ہے۔ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے ٹریفک اور ماحولیاتی آلودگی کو رپورٹ کرنے کے لیے ایپلی کیشن بنادی ہے جس پر جسٹس شاہد کریم نے اس ایپلیکشن کی تشہیر کرنے کی ہدایت کی۔

سماعت کے دوران لاہور کے میئر کرنل (ر) مبشر نے آگاہ کیا کہ اسٹیل انڈسٹری میں ٹائر جلائے جاتے ہیں جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ جہاں ٹائر جلائے جائیں اس کی فوراً شکایت واٹر اینڈ انوائرنمنٹ کمیشن کو کریں۔  لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ سے متعلق کیس کی سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔
 

مزیدخبریں