قذافی بٹ ،عمر اسلم : گورنر پنجاب کا (ن) لیگ کے صدر شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ، چوہدری محمد سرور نے شہباز شریف سے انکی والدہ بیگم شمیم کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔دوسری جانب میاں محمد شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے پیرول کی مدت میں توسیع مانگ لی ہے۔
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا اور انکی والدہ کی وفات پر تعزیت کی، گورنر پنجاب نے شہباز شریف سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فر مائے، ماں کی کمی دنیا کی کوئی طاقت پوری نہیں کرسکتی۔
دوسری جانب صدر مسلم لیگ ن میاں شہبازشریف سے مختلف سیاسی رہنماوں نے ملاقات کی ، آزاد جموں و کشمیر کے صدرسردار مسعود خان، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے چیئرمین سردار اختر مینگل ،برطانوی ہاؤس آف لارڈ کے سابق رکن لارڈ نذیر احمد نے شہبازشریف سے والدہ کےانتقال پر فاتحہ خوانی کی ۔
آزاد جموں و کشمیر کے صدر مسعود خان نے میاں شہبازشریف سے ان کی رہائشگاہ ماڈل ٹائون میں ملاقات کرتے ہوئے والدہ کےانتقال پر اظہارافسوس کیاجبکہ سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے بھی صدر مسلم لیگ ن سےملاقات کرتے ہوئے ان کی والدہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔بلوچستان نیشنل پارٹی چیئرمین سردار اختر مینگل اور برطانوی ہاؤس آف لارڈ کے سابق رکن لارڈ نذیر نے بھی میاں شہبازشریف سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی والدہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
مسلم لیگ (ن) نے صدر مسلم لیگ ن میاں شہبازشریف اور حمزہ شہبازشریف کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کے حوالےسے درخواست دے دی۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن عطااللہ تارڑ کی جانب سے محکمہ داخلہ پنجاب کو درخواست دی گئی۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے دی گئی درخواست میں شہبازشریف اور حمزہ شہبازشریف کی پیرول کی مدت میں توسیع کی درخواست کرتے ہوئےکہاگیاہےکہ بیگم شمیم اختر مرحومہ کےانتقال پر اظہارافسوس کیلئے مختلف لوگ آ رہے ہیں اور مرحومہ کی مغفرت کیلئے دعا کررہے ہیں۔ اس لئے ان کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی جائے ۔میاں شہبازشریف اور حمزہ شہبازشریف کو پانچ روز کیلئے پیرول پر رہا کیا گیا تھا جو مدت آج ختم ہو رہی ہے۔