ہال روڈ (جنید ریاض) پنجاب کے مختلف سکولوں سے کروڑوں روپے مالیت کے سولر پینلز چوری ہونے کا انکشاف، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے متعلقہ سکول سربراہان کو وارننگ جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن کی رپورٹ میں پنجاب کے سکولوں سے سولر پینلز چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے متعلقہ سکول سربراہان کو وارننگ جاری کی ہے کہ اگر کسی سکول سے سولر پینل چوری ہوا تو ذمہ دارسکول سربراہ ہوگا، تاہم تمام سکول سربراہان ہر ہفتے سکول کونسل کی میٹنگ کریں اور سولر پینلز کی حالت کو چیک کریں احکامات کی خلاف ورزی پر متعلقہ سکولوں کی خلاف کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں 8 لاکھ بچوں کی بوگس انرولمنٹ کا انکشاف ہوا ہے، ذرائع کے مطابق بوگس انرولمنٹ سکول سربراہان کی جانب سے سخت انڈیکٹرز اور تبادلوں کے ڈر سے کی گئی ہے، سیس پر ابھی تک لاہور سمیت پنجاب کے 46 فیصد بچوں کی تصدیق مکمل کرلی گئی، جبکہ 45 لاکھ بچوں کے "ب" فارم کی تاحال تصدیق نہیں کی جاسکی۔
سکول ایجوکیشن کی جانب سے پنجاب بھر کے 48 ہزار سکول سربراہان کوآج یکم دسمبر تک بچوں کی تصدیق مکمل کرنے کی ہدایت ہے، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ہزاروں بچے سکول سے پڑھائی چھوڑ چکے ہیں۔
انکا کہنا ہے کہ بچوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے، بوگس انرولمنٹ ثابت ہونے پر متعلقہ سربراہان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
پنجاب ٹیچرز یونین کا کہنا ہے کہ "ب" فارم کے اندراج کیلئے سکول سربراہان کو 3 ماہ کی مزید مہلت دی جائے، چھٹیوں کے باعث سکول سربراہان کیلئے بچوں سے "ب" فارم منگوانا مشکل کام ہے۔