(شاہد ندیم سپرا) سوئی ناردرن گیس کمپنی نے صارف دشمن پالیسی بنالی، کنکشن کیلئے نام تبدیل کروانے پر پانچ ہزار سات سو روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی نے نام تبدیل کروانے کیلئے ایک ہزار دو سو روپے کا ای اسٹام پیپر پر حلف نامہ لازمی قرار دیدیا جبکہ صارفین کو چار ہزار پانچ سو روپے فیس کی مد میں اضافی ادائیگی کرنا ہوگی۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی نئے کنکشن کیلئے چھ ہزار روپے کا ڈیمانڈ نوٹس جاری کرتی ہے جبکہ نام کی تبدیلی کیلئے ایک بار پھر صارفین کو ہزاروں روپے کی ادائیگی کرنا ہو گی۔
ذرائع نے بتایا کہ کمپنی میں نام تبدیل کروانے کے سب سے زیادہ کیس ہربنس پورہ دفتر میں رپورٹ ہوئے، ٹھیکیداری نظام کی وجہ سے ایک صارف کے نام پر متعدد کنکشن لگائے گئے، بعض صارفین کے پاس ٹھیکیدار کی درخواست پر لگنے والے کنکشن کے کوائف موجود نہیں، کوائف نہ ہونے کی وجہ سے صارفین ایک بار پھر ٹھیکیداروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیئے گئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں گیس بحران نے سر اٹھا لیا،گیس کمپنیوں نے دسمبر سے فروری تک کا گیس مینجمنٹ پلان جاری کردیا، پلان کے مطابق گیس کا شارٹ فال سی این جی اسٹیشنز، صنعتوں اور پاور سیکٹرز پر منتقل کیا جائے گا، پنجاب اور کے پی کے میں سی این جی اسٹیشنز ہفتے میں دو دن کھلیں گے، جامشور و پاور کمپنی کو گیس سپلائی بند رہے گی۔
گیس مینجمنٹ پلان کے مطابق کوٹری اور حبیب اللہ پوسٹل پاور پلانٹس کو بھی گیس سپلائی بند رہے گی، صنعتو ں کیلئے گیس سپلائی میں 10 کروڑ70 لاکھ کیوبک فٹ کمی ہوگی، کھاد فیکٹریوں کو 70 لاکھ کیوبک فٹ گیس کم ملے گی۔