ٹھوکرنیازبیگ (علی رامے) ٹھوکر نیاز بیگ پر نیا بس ٹرمینل بنانے کا فیصلہ، وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں نئے جدید طرز کے بس ٹرمینل بنانے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق شہر میں سابق دور حکومت میں تین جدید طرز کے بس ٹرمینلز کا منصوبہ بنایا گیا تھا، موجودہ حکومت نے فنڈ کی عدم دستیابی پر منصوبے کو زیرالتواء رکھا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بریف کیا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے یہ منصوبہ اب شروع ہونا چاہیے جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ناصرف لاہور بلکہ ملتان میں بھی نئے جدید طرز کے بس ٹرمینلز بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کے مطابق بس ٹرمینلز جدید طرز کے بنائے جائیں گے جہاں مسافروں کو بین الاقوامی طرز کی سہولیات میسر ہوں گی۔
دوسری جانب ٹھوکر نیاز بیگ چوک پر ٹریفک کے دباؤ اور حادثات میں کمی لانے کیلئے سی ٹی او نے ٹیپا چیف کو چوک کی ری ڈیزائننگ کرکے نیا ٹیکسی، رکشہ اور چنگ چی رکشہ سٹینڈ بنانے کیلئے تحریری طور پر درخواست کردی۔ چیف ٹریفک پولیس افسر کی جانب سے چیف انجینئر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ حکام نے 21 نومبر کو ٹھوکر نیازبیگ کا دورہ کر کے ٹیکسی اور چنگچی رکشوں کا نوٹس لیا تھا۔
خط میں تحریر کیا گیا ہے کہ ٹھوکر نیاز بیگ سے 12 مختلف کوری ڈورز سے ٹریفک آتی ہے، ٹریفک پولیس نے ٹھوکر پر باقاعدہ الگ سے سٹینڈ بنانا تجویز کردیا۔ سی ٹی او نے ٹیپا سے تفصیلی سروے اور ڈیزائن کی تیاری کی استدعا کردی ہے، ری ڈیزائننگ سے ٹریفک حادثات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔